ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کلبھوشن جادھو کے اہل خانہ کی ملاقات کرانے کا انداز غیر انسانی:ایم وینکیا نائیڈو کا بیان

کلبھوشن جادھو کے اہل خانہ کی ملاقات کرانے کا انداز غیر انسانی:ایم وینکیا نائیڈو کا بیان

Thu, 28 Dec 2017 11:49:53    S.O. News Service

نئی دہلی، 27؍ دسمبر ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )نائب صدرجمہوریہ ہند ایم وینکیا نائیڈو نے پاکستان کے ذریعے کلبھوشن جادھو کی ان کے اہل خانہ کے ساتھ کرائی گئی میٹنگ کے انداز کو غیر انسانی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ہندوستانیوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔ انہوں نے یہ بات امریکہ کی ہارورڈ، اسٹین فورڈ اور ایم آئی ٹی کے 17 فیکلٹی ممبر اور طلباء کے ساتھ گفتگو کے دوران کہی۔40 منٹ طویل گفتگوکے دوران نائیڈو نے ہندوستانی قوت، مواقع اور چیلنجوں کے علاوہ ایک عالمی قوت کے طور پر اس کے ابھرنے کے بارے میں وضاحت کی اور سوالوں کے جواب دیئے۔جناب نائیڈو نے کہا کہ ہندوستان تمام ملکوں کے فائدے کے لئے خطے میں امن کا خواہاں ہے لیکن کچھ ممالک مختلف طریقہ کار اپنا رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات کو اجاگر کیا کہ جناب کلبھوشن جادھو کی اہلیہ کا منگل سوتر اتروانے پر پاکستانی حکومت کے اسرار اور دیگر پابندیاں ہندوستانی عوام کے لئے پسندیدہ نہیں تھیں اور پاکستان نے اس سلسلے میں خوداپنے لیے بھی کچھ اچھا نہیں کیا۔ حالانکہ اس نے خاندان کے اراکان سے ملنے کی اجازت دے کر دنیا کے سامنے خیر سگالی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کی۔ نائب صدر نے اس بات کو اجاگر کیا کہ ہندوستانی ووٹروں نے وقتا فوقتا ووٹ ڈالتے ہوئے زبردست بالغ نظری کا مظاہرہ کیا ہے اور یہ 1977 میں ایمرجنسی کے خلاف ووٹ دے کر ذاتی آزادی کے زبردست دفاع سے بھی ظاہر ہوتا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ مرکز میں ایک ہی پارٹی کے طویل عرصے تک حکمرانی کے بعد اس وقت تک ہندوستان مخلوط حکومتوں کے دور سے گزرا ہے، جب تک کہ عوام نے 2014 میں موجودہ حکومت کو مکمل اکثریت نہیں دے دی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو عدم مساوات، دیہی۔ شہری تفریق، بے روزگاری ، سرحدی معاملات، غریبی اور ناخواندگی جیسے چیلنجوں کا سامنا ہے۔ جناب نائیڈو نے مزید کہا کہ حکمراں اور اپوزیشن پارٹیوں کو پارلیمانی جمہوریت کو مزید مستحکم کرنے کے لئے مشترکہ نظریئے کے ساتھ مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔


Share: